کولکا تہ، 4 ؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگلہ دیش دہشت گرد انہ حملے کی آج مذمت کی اور زوردے کر کہا کہ دہشت گردوں کاکوئی مذہب نہیں ہوتا اور دہشت گردی سے لڑنے کے لیے سبھی کو متحد ہونا چاہیے ۔ممتا نے ریاستی اسمبلی میں کہاکہ ہم بنگلہ دیش میں ہوئے دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ہم مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہیں۔مغربی بنگال اور بنگلہ دیش دونوں کے درمیا گہرے ثقافتی اور انسانی رشتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر بنگلہ دیش خوش ہے تو ہم خوش ہیں، اگر وہ تکلیف میں ہیں تو ہم بھی دکھی ہیں۔اس رات بنگلہ دیش میں ہوئے واقعات کومیں نے دیکھا۔وزیر اعلی نے کہاکہ ہم دوسرے ممالک سے متعلق معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے۔ہم دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ہماری انتظامیہ نے سرحدی پولیس تھانوں کو متنبہ کیا تھا۔ہندوستان بنگلہ دیش سرحد پر اب بھی ایسے مقامات ہیں جہاں باڑبندی نہیں ہے۔ممتا نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کوئی مشکوک شخص دکھائی دے تو وہ پولیس کو مطلع کریں۔انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبصرے نہیں کئے جانے چاہیے ۔غورطلب ہے کہ گھوش نے کہا تھا کہ اگر بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے نہیں رکتے تومیتری ایکسپریس کو بند کیا جانا چاہیے ۔ممتا نے کہاکہ آپ اس طرح کا تبصرہ کیسے کر سکتے ہیں کہ میتری ایکسپریس روک دی جائے گی۔اس طرح کے فیصلے مرکزی حکومت کی طرف سے کئے جاتے ہیں، نہ کہ کسی سیاسی پارٹی کی طرف سے۔میتری ایکسپریس کا دہشت گردی سے کوئی لینادینا نہیں ہے۔ہمیں اس طرح کا تبصرہ نہیں کرنی چاہیے جس سے دو ممالک کے درمیان تعلقات میں خلل پیدا ہو۔ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔